ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / تین دہشت گردی کے ملزموں کومینگلور عدالت نے سنائی عمر قید کی سزا

تین دہشت گردی کے ملزموں کومینگلور عدالت نے سنائی عمر قید کی سزا

Wed, 12 Apr 2017 18:24:23    S.O. News Service

منگلورو12؍اپریل (ایس او نیوز) منگلورو سیشنس کورٹ نے مولانا شبیر گنگولی اور دیگر تین ملزموں کو دہشت گردی کے الزامات سے باعزت بری کرتے ہوئے بقیہ جن تین ملزمین سید محمد نوشاد، احمد باوا ابو بکر اور فقیر احمد کو مجرم مانا تھا ،آج انہیں عمر قید کی سز ا سنائی گئی ہے۔

سیشنس عدالت کی جج پشپانجلی دیوی نے ملزمین پر لگائے گئے دہشت گردی کے الزامات ثابت ہونے پر عمرقید کا فیصلہ سنایا ہے۔اس معاملے میں اکتوبر 2008کوجملہ سات ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا اور مزید تین کو مفرور بتایا گیا ہے۔ گرفتار شدہ سات میں سے چار ملزمین محمد علی، جواد علی، محمد رفیق اور مولانا شبیر گنگولی کو عدالت نے10اپریل کو تمام الزامات سے بری کردیا تھا۔جبکہ سید محمد نوشاداور احمد باوا ابوبکرجو کہ جیل میں ہی بند تھے ،اور فقیر احمدجوکہ ضمانت پر رہا ہوا تھا،ان تینوں کو قصور وار قراردیا تھا۔ الزامات ثابت ہونے کے بعدفقیر احمد کو دوبارہ حراست میں لے کرسزا سناتے وقت عدالت میں حاضر کیا گیا ۔

پولیس نے ان ملزمین پرانڈین مجاہدین سے تعلق رکھنے، دھماکو مادہ جمع کرکے بم سازی اور تخریبی سرگرمیوں کے منصوبے بنانے کے الزامات لگائے اور عدالت کے مطابق یہ الزامات ان مذکورہ تین ملزمین پر ثابت ہوگئے ہیں۔اس لئے تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون Unlawful Activities Prevention Actکی دفعہ16(1)(B) ofکے تحت عمر قید اور 10ہزار روپے فی کس جرمانہ کے علاوہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ تینوں ملزمین کو دھماکو اشیاء کے قانونIndian Explosive Substances Actکی دفعہ 5(B)کے تحت بھی اسی طرح عمر قیداور جرمانے کی سزا سنائی گئی ۔انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 120 (B)کے تحت بھی عمر قید کی سزا کے علاوہ آرمس ایکٹ کی دفعہ20(5)(1)(AA)کے تحت بھی عمر قید اور دس ہزار روپے جرمانہ اور Unlawful Activities Prevention Actکی دفعہ 17اور18کے تحت بھی عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔

سید محمد نوشاد کو اضافی طور پرانڈین پینل کوڈ کی دفعہ 420کے تحت 7سال کی قید بامشقت اور 5 ہزارروپے جرمانہ، انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 468کے تحت 3سال کی قید بامشقت اورتین  ہزار روپے جرمانہ اورآئی پی سی کی ہی دفعہ 471کے تحت 3سال کی قید اور 3ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔


Share: